12 مئی 2014 - 19:10
کراچی میں شیعہ نیوی اہلکار شہید

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے حساس اور مصروف علاقے کارساز میں گھات لگائے دہشت گردوں نے شیعہ نیوی اہلکار پر فائرنگ کردی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے حساس اور مصروف علاقے کارساز میں گھات لگائے دہشت گردوں نے شیعہ نیوی اہلکار پر فائرنگ کردی، جس سے وہ موقع پر ہی شہید، جب کہ انکی اہلیہ شدید زخمی ہوگئیں۔ کراچی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ شہید کی شناخت غلام اکبر کے نام سے ہوئی ہے، شہید پاکستان نیوی کے اہل کار تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق شہید نے اپنے ذاتی پستول سے دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا چاہا لیکن حملہ آوروں نے اسے مہلت نہیں دی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کرگولیوں کے خول اپنے قبضے میں لے لئے۔ پولیس قتل کی تفتیش ٹارگٹ کلنگ ، ڈکیتی مزاحمت اور ذاتی دشمنی کے پہلووں پر کررہی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ڈیفینس فیز ٹو میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک سینئیر نیوی افسر کو قتل کردیا گیا تھا، جب کہ ستائیس فروری کو کراچی کے علاقے کیماڑی میں ایک حملے کے دوران پاکستان نیوی کے لیفٹینٹ کمانڈر شدید زخمی ہوگئے تھے جو بعدازاں اسپتال میں چل بسے۔ واضح رہے کہ کراچی میں ایک عرصے سے ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے اور حکومت شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲